شمالی کشمیر کے قصبہ بارہمولہ میں واقع ویرون کالنونی میں مقیم کشمیری پنڈتوں نے یو ٹی انتظامیہ سمیت مرکزی سرکار پر کشمیری پنڈتوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بارہمولہ میں مقیم کشمیری پنڈتوں کا بنیادی سہولیات فراہم کیے جانے کا مطالبہ کشمیری پنڈتوں کہنا ہے کہ کالونی میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث انہیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے حوالے انہیں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم انکے مطابق کئی بار انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود ’’انتظامیہ پنڈتوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔‘‘
کالونی میں مقیم پنڈتوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لیے سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تاہم ناقص مواد استعمال کرنے اور بغیر پلاننگ مرمت کیے جانے کے سبب بارشوں کے دوران سارا پانی رہائشی کوارٹرس میں داخل ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ میں سوورنم وجے ورش تقریب کا اہتمام
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے کھیلنے کے لیے میدان نہ ہونے کے سبب بچے گھروں تک ہی محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ وہیں انہوں نے کالونی کے نزدیک ہیلتھ سنٹر اور اے ٹی ایم جیسی سہولیت نہ ہونے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
پنڈتوں نے وسطی اور جنوبی کشمیر میں قائم پنڈت کالونیوں کی طرح انہیں بھی بہتر سہولیات فراہم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔