بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں جموں کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی) کی جانب سے یوتھ کنونشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالغنی وکیل کے علاوہ سوپور، رفیع آباد کے ساتھ ساتھ علاقہ زنگیر سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکروں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی سی لیڈر عبد الغنی وکیل نے کہا کہ ’’پیپلز کانفرنس کے ساتھ لوگ دن بہ دن جڑ رہے ہیں اور یہ خطہ کی واحد ایسی پارٹی ہے جو جموں کشمیر کے لوگوں کے لیے تندہی اور خلوص دل سے کام کرتی ہے۔‘‘
عبدالغنی وکیل کا کہنا ہے کہ ’’سرکار جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے سے قاصر ہے اور کشمیر کے ساتھ ساتھ اب جموں میں بھی بی جے پی سے لوگ دور ہوتے جا رہے ہیں، کیونکہ ان لوگوں (بی جے پی) نے عوام کے لے کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘ انہوں نے حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی لوگوں کو خطے میں تعمیر و ترقی کا جھانسہ دیکر ان کو بہلانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اگر آج بھی ہم دیکھیں تو جموں و کشمیر تعمیراتی لحاظ سے کافی پیچھے ہیں، لوگ آج بھی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے احتجاج اور ہڑتال کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔‘‘