جموں وکشمیر کا سیاحتی مقام گلمرگ دنیا بھر میں نہ صرف سیاحت کے لئے بلکہ سرمائی کھیلوں کے لئے بھی معروف ہے۔ یہ اپنی مثال آپ ہے، لیکن ان دنوں گلمرگ میں جو چیز مقامی و بیرونی سیاحوں کے لئے توجہ کا مرکز بن رہی ہے وہ ہے اپنی نوعیت کا پہلا برف سے تراشا ہوا ریستوراں جسے اِگلو کیفے نام دیا گیا ہے۔ صرف برف کا استعمال کرکے تیار کیا گیا یہ خوبصورت اگلو ایشیا کا سب سے بڑا اور انڈیا کا پہلا اگلو کیفے ہے، جو مقامی و غیر مقامی سیاحوں کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔
برف سے مجسمے تراشنے کا فن کشمیر کے لئے نیا نہیں ہے مگر برف سے تراشا گیا ریستوراں آپ نے یا تو کہانیوں میں سنا ہوگا یا کتابوں میں ہی پڑھا ہوگا لیکن برف سے لپٹے گلمرگ میں اب برف سے تراشا گیا کیفے کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہے، جہاں سیاحوں کی خاصی تعداد اس کیفے کو دیکھنے، یہاں کچھ پل گزارنے اور کہوا پینے کے لئے موجود ہوتی ہے۔
گلمرگ کے کولہوئی گرین ہوٹل میں قائم کیا گیا اس نوعیت کا پہلا کیفے جس میں بریانی اور چکن ٹکا، کشمیری کہوا اور اس کے علاوہ دیگر اقسام کے پکوانوں پر مشتمل ایک مکمل 'اگلو مینو' رکھا گیا ہے، جس سے سیاح لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
برف سے تراشے گئے اس اگلو کو بنانے والے ایک جواں سال ہوٹلیئر سید وسیم شاہ ہیں جنہوں نے بیرون ممالک میں اگلو سے متاثر ہو کر جموں وکشمیر کی سرزمین پر بھی اس طرح اگلو تیار کرنے کا ارادہ کیا۔ انہوں نے 15 لوگوں کی مدد سے یہ کیفے تیار کیا۔ جو اب سیاحوں کے لئے کھولا گیا ہے۔ ایگلو کیفے کا نظارہ کرنے کے لئے ان دنوں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کا ایک رش لگا رہتا ہے اور اکثر سیاح یہاں کشمیری کہوا سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔