بارہمولہ (جموں کشمیر) :معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے بارہمولہ ضلع میں 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن چندوسہ کی پولیس ٹیم نے والراماں، چندوسہ میں قائم ناکہ چیکنگ پر دو افراد روک کر ان کی تلاشی لی۔ پولیس بیان کے مطابق تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 40 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مادہ برآمد ہوا۔ ان کی شناخت فاروق احمد ڈار ساکنہ کریری اور محمد الطاف صوفی ولد عبد العزیز ساکنہ چکلو، بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں گرفتار کر کے پی ایس چندوسہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح تھانہ کنزر کی پولیس پارٹی نے دھوبیوان، برزلہ میں قائم ناکہ پر ایک سومو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK05B-0134 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 510 گرام ممنوعہ چرس جیسا مادہ اور کوڈین فاسفیٹ کے 11 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت ہلال احمد وانی اور بلال احمد وانی ساکنان برزلہ، کنزر کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں موقع پر ہی گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن کنزر منتقل کر دیا گیا ہے۔