بارہمولہ (جموں و کشمیر) :جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں دو الگ الگ مقامات پر ناکہ چیکنگ کے دوران 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او پٹن، محمد نواز، کی نگرانی میں پلہالن موڑ پر چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پلہالن کی طرف آ رہے اس منشیات فروش نے گرچہ پولیس ناکہ کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔‘‘
گرفتار شدہ شخص کی شناخت مدثر احمد وانی ولد منظور احمد وانی ساکن رائے پورہ پلہالن کے طور پر کی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 145 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔ منشیات کے خلاف ایک اور کارروائی کے دوران بارہمولہ پولیس کی ایک ٹیم نے ڈی ایس پی ہیڈکواٹرز، الطاف احمد، کی نگرانی میں زنڈ فرنڈ، شیری میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا۔