بارہمولہ (جموں و کشمیر) : وادی کشمیر میں منشیات زہر کی طرح پھیل رہا ہے، وہیں پولیس بھی منشیات مخالف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور اس ضمن میں شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں جمون و کشمیر پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انہیں جیل بھیج دیا۔ بارہمولہ پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروشوں کی تحویل سے ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ کے پٹن علاقے سے تین منشیات فروشوں کو، ضلع انتظامیہ بارہمولہ کی جانب سے موصول ہوئے حکمنامے کے بعد، حراست میں لے لیا۔ بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کی شناخت غلام محمد ڈار ساکنہ میرگنڈ، پٹن۔ منظور احمد ڈار ساکنہ سنگھ پورہ، پٹن، اور یعقوب احمد ڈار ساکنہ رینچی، پٹن کے طور پر کی ہے۔ پولیس نے تینوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) عائد کرکے انہیں سنٹرل جیل کوٹ بلوال، جموں منتقل کر دیا۔