سرینگر: جموں وکشمیر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(جے کے ڈی ایم ے) نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر کے دس اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ڈی ایم اے نے بارہمولہ ، ڈوڈہ ، گاندربل ، کشتواڑ ، کپواڑہ ، پونچھ ، رامبن ، ریاسی ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں تین ہزار میٹر اوپر برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ان اضلاع میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جانے سے احتراز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 25 مارچ تک میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ برف باری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کے میدانی علاقوں میں 24 اور25 مارچ کو ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور اس دوران تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 مارچ کی دوپہر سے بارش شروع ہونے کی توقع ہے۔محکمے نے کسانوں سے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے فی الوقت احتراز کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ قومی شاہراہ اور دیگر پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر پر نکلنے سے قبل ان سڑکوں کے متعلق متعلقہ ٹریفک حکام سے جانکاری حاصل کریں۔