بانڈی پورہ/پلوامہ/شوپیاں :محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری جاری ہے۔ برفباری کے سبب گریز - بانڈی پورہ شاہراہ سمیت جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والی 185کلومیٹر طویل شاہراہ بھی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ بارشوں، برفباری کے سبب درجہ حرارت میں کمی واقعی ہوئی ہے۔
رزدان ٹاپ پر برفباری، گریز بانڈی پورہ سڑک بند:
شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں خاص کر رازدار ٹاپ پر بھی برفباری درج کی گئی ہے، جس کے سبب 85 کلومیٹر طویل بانڈی پورہ -گریز سڑک کو پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق وادی گریز کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ حکام نے مزید بتایا کہ پیر کی صبح رازدان ٹاپ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں برف باری کے باعث بانڈی پورہ - گریز سڑک کو احتیاطی طور بند کر دیا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم گریز نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برف باری کی وجہ سے گریز روڈ بند ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ وادی کے دیگر علاقوں کی طرح بانڈی پورہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری ریکارڈ ہوئی ہے۔ او سی، بی آر او نے رازدان ٹاپ پر برف باری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ’’ہم برف ہٹانے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی سڑک کو دوبارہ آمد و رفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔