شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں حکام نے اب کئی دور دراز علاقوں میں رات کے اوقات کے دوران گھرں میں کووڈ-19 حفاظتی ٹیکوں کی مہم چلائی ہے کیونکہ ان علاقوں کی اوسط آبادی دن کے وقت گھروں سے باہر رہتی ہے۔
اہلکاروں کے مطابق ان دور دراز علاقوں کوڈارہ، سریندر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں دیہاتی اکثر دن کے وقت اپنے گھروں سے باہر پائے جاتے تھے کیونکہ وہ اپنے معمول کے کاموں کے لیے جنگل میں جاتے ہیں۔ اس کے بعد حکام نے رات کے اوقات میں گھر گھر جاکر کووڈ-19 ٹیکے لگانے کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی کو بھی باقی نہ چھوڑیں۔
اہلکاروں نے بتایا کہ گذشتہ رات کے دوران قریب قریب 33 افراد کو کووڈ-19 کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں بھی دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے یہ مہم جاری رہے گی۔
بلاک میڈیکل افسر بانڈی پورہ، ڈاکٹر مسرت اقبال نے بتایا کہ رات ٹیکہ لگانے والی مہم کوڈارہ، سوملر اور سریندر جیسے دور دراز علاقوں میں شروع کی گئی ہے، جہاں لوگ دن میں دستیاب نہیں ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنے مویشی چرانے میں مصروف رہتے ہیں۔