شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کا نوگام سوناواری کی بلاک آبادی رقبے کے لحاظ سے کافی وسیع ہے۔ یہاں کی آبادی تقریباً 30 ہزار ہے اور اس بلاک سے سات بڑے دیہات بھی منسلک ہیں جن کے لئے نوگام مرکزی حیثیت رکھتا ہے تاہم علاقے میں بینک کا نہ ہونا عوام کے لئے ان دنوں بڑی مشکلیں پیدا کررہا ہے۔
نوگام سوناواری کے لوگوں کا ماننا ہے کہ علاقے میں جموں و کشمیر بینک کی شاخ نہ ہونے کے سبب لوگوں کو بے حد مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ 300 کے قریب علاقے میں چھوٹی بڑی دکانیں ہیں۔ اس کے علاوہ بلاک کا دفتر، اسپتال، ہائر اسکینڈری اسکول، پولیس پوسٹ اور دیگر کئی چھوٹے بڑے ادارے بھی موجود ہیں لیکن صرف بینک کے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں دور دوسرے قصبوں کا رخ کرنا پڑتا ہیں جس میں آنے جانے میں ہی ان کا پورا دن صرف ہوجاتا ہے۔
علاقے کے معزز شہریوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کے ان ایام میں بینک کے کام کے لئے انہیں سمبل یا دیگر جگہوں کا رخ کرنا پڑتا ہے اور ہر روز بزرگوں کو وہاں گھنٹوں تک لائن میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔