شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے اجس علاقے میں کئی سال قبل حکومت کی جانب سے ایک طبی مرکز تعمیر کیا گیا لیکن علاج و معالجے کے لئے ہیلتھ سینٹر جانے والے افراد کے لیے مناسب راستہ ہی موجود نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہیلتھ سینٹر میں گاڑی یا ایمبولینس کا پہنچنا تو دور مریضوں کا پیدل جانا بھی دشوار ہے۔
بانڈی پورہ: طبی مرکز جانے کے لیے سڑک موجود نہیں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ باتھ کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'اس اہم مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔'
اجس تحصیل میں واقع اس ہیلتھ سینٹر تک پہنچنے کے لئے کوئی مناسب راستہ موجود نہیں ہے، ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اجس کے کئی باشندوں کا کہنا تھا کہ برسوں سے تعمیر شدہ اس ہیلتھ سینٹر تک پہنچنے کے لیے مریضوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’اگر کسی وقت مریض کی حالت خراب ہو تو وہ راستے میں ہی دم توڑ سکتا ہے کیونکہ اسپتال تک کوئی گاڑی نہیں پہنچ پاتی۔ مریضوں کو کندھوں یا چارپائی پر بٹھا کر ہی ہیلتھ سنٹر تک پہنچایا جاتا ہے۔‘‘
مقامی آبادی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو اس حوالے سے کئی دفعہ مطلع کیا تاہم اس مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اجس کے باشندوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیلتھ سنٹر کے لئے مناسب راستہ تعمیر کیا جائے تاکہ مریضوں کو ہیلتھ سنٹر پہنچنے میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔