بانڈی پورہ:شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں سملر علاقے کے ملک پورہ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ندی میں طغیانی کے سبب پانی سڑکوں اور گلی کوچوں میں بہنے لگا، جس کے سبب لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا۔ خوف و دہشت کے سبب متعدد افراد شب قدر جیسی مقدس رات میں بھی عبادت سے محروم رہے۔ گاؤں کی مین سڑک سے پانی بہنے اور سیلابی صورتحال کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔
یاد رہے کہ وادی کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح بانڈی پورہ ضلع میں بھی گزشتہ چند روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ درج ہوا ہے۔ تاہم سملر، بانڈی پورہ کے باشندوں کا دعویٰ ہے کہ علاقے میں ’’سیلابی صورتحال بارشوں کے سبب نہیں بلکہ محکمہ آر اینڈ بی کی نا اہلی کے سبب پیدا ہوئی ہے۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا کہ پہاڑی علاقے سے نشیبی علاقوں کی جانب ایک ندی کو محکممہ آر اینڈ بی نے تنگ کرکے ایک سڑک تعمیر کی۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ندی کی کشادگی میں کمی کی گئی بلکہ سڑک کی کے دوران سارا ملبہ اسی ندی میں انڈیل دیا گیا نتیجتاً معمولی بارشوں سے پانی کی سطح بڑھ جاتی ہے اور پانی گاؤں دیہات کی جانب بہنا شروع ہو جاتا جو لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر دیتا ہے اور لوگوں کو جان و مال کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔