جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اویس احمد نے بتایا کہ رواں ماہ ضلع میں فعال کیسز میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا 'ضلع میں گذشتہ دو ہفتوں سے مثبت کیسز کی شرح تقریبا 2.5 فیصد ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 1500 سے 2000 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور ضلع میں اب تک 2.42 لاکھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں'۔
'بانڈی پورہ میں کووڈ مثبت شرح %2.5 تک کم ہو گئی ہے' انہوں نے کہا 'مجموعی طور پر مثبت معاملوں کی تعداد بھی کم ہوکر 332 ہوگئی ہے۔ جس میں سے صرف 49 مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جن میں سے 17 آکسیجن امدادی نظام پر ہیں۔ بازیافت کی شرح 95.2 فیصد ہوگئی ہے'۔
ویکسینیشن کے بارے میں انہوں نے کہا '45 سال سے زیادہ عمر والے گروپس میں سے ابھی تک 88 فیصد افراد کو ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں'۔
ڈپٹی کمشنر نے عام لوگوں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ ضلع کو یلو زون قرار دیے جانے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ کووڈ-19 کے تخفیف کے عمل میں صحت، سول اور پولیس انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے ضلع بھر میں بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ہفتے کے آخر میں کرفیو برقرار رہے گا اور ایس او پیز کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا'۔