سرینگر:جموں وکشمیر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے ڈی ایم اے) نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر یونین ٹریٹر کے دس اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ڈی ایم اے نے اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ، کپواڑہ،کولگام ، ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ ، رامبن اور ریاسی اضلاع میں3 ہزار میٹر سے اوپر والے علاقوں میں کم درجے کے برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ان ضلاع میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے احتیاط برتے جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔
بتادیں کہ اس سے پہلے17 فروری کو سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقہ میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین لوگوں کو بچا لیا گیا۔ اس سے قبل 10 فروری کو سرحدی علاقہ گریز کے ماز گنڈ بالا علاقے میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس برفانی تودے کی زد میں ایک خاتون اور ایک دوشیزہ آئی تھی، تاہم مقامی لوگوں نے فوری طور بچاؤ آپریشن شروع کرکے دونوں کو زندہ بچالیا تھا۔