جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے متعدد کھلاڑیوں نے یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس بانڈی پورہ کے خلاف ایوارڈز نامزدگی کی فہرست میں اقربہ پروری کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
ایوارڈز نامزدگی کی فہرست میں اقربہ پروری کا الزام احتجاج کر رہے کھلاڑیوں میں سے بیشتر کھلاڑیوں نے قومی اور عالمی سطح پر کھیل چکے ہیں اور ان میں سے چند ایک نے گولڈ میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ یوتھ اسپورٹس اینڈ سروسز آفس بانڈی پورہ نے دیگر کھلاڑیوں کو مطلع کیے بغیر نامزدگی کی فہرست کو تیار کیا ہے جس میں انھوں نے اپنے رشتہ داروں کو ہی ترجیح دی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس بانڈی پورہ نے ضلع سے تعلق رکھنے والے تمام کھلاڑیوں کو مطلع کرنے کے بعد ان سے سی وی طلب کرکے باقاعدہ پینل کے ذریعہ نامزدگی کی فہرست تیار کرنی تھی، لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔
مظاہرین نے ضلع کمشنر بانڈی پورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس میں مداخلت کرکے باقاعدہ طریقے سے دوبارہ فہرست تیار کرائیں، تاکہ بیشتر کھلاڑی جنہوں نے قومی اور عالمی سطح پر ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں، انہیں بھی اپنا حق پانے کا موقع فراہم ہوسکے۔
تاہم اس ضمن میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے ضلعی افسر نے کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے جن کھلاڑیوں نے ہمارے پاس اپنی سی وی ارسال کیے تھے اور جو نوٹیفکیشن کے تحت اس زمرے میں آتے تھے، انھیں کو ہم نے ڈی سی بانڈی پورہ کو ارسال کردیے تھے، جس کے مطابق ہم نے نامزدگی کی فہرست تیار کی ہے۔
واضح رہے کہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے آفس میں صرف دو درخواست یا سی وی جمع کرائے گئے تھے، جبکہ ضلع میں تقریبا سو ایتھلیٹ ایسے ہیں جنہوں نے کھیل کے مختلف شعبے میں قومی اور عالمی سطح کے ایونٹس میں شرکت کرچکے ہیں اور ان میں سے کئی ایسے بھی ہیں جنہوں نے ان مقابلوں میں میڈل بھی حاصل کیا ہے۔