بانڈی پورہ: اینٹی کپرشن بیورو نے ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بانڈی پورہ میں تعینات کلرک کو 28 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایاکہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بانڈی پورہ میں تعینات کلرک غلام نبی وانی کنٹریکٹر کارڈ کے حصول کی خاطر 28 ہزار روپے کی رشوت طلب کر رہا ہے۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ وہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کنبے سے تعلق رکھتا ہے اور پوسٹ گریجوٹ ہونے کے باوجود بھی بے روزگار ہے، لہذا گھر والوں کی کفالت کی خاطر ٹھیکیدار ی کرنے کے بارے میں سوچا اور اس حوالے سے کنٹریکٹر کارڈ کی خاطر متعلقہ محکمہ کے ساتھ رجوع کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ میرا ایک دوست ٹھیکیدار ہے اورا س کے ساتھ کام کر رہا تھا اور مجھے ٹھیکیداری میں کافی تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹیو انجینئر بانڈی پورہ میں ٹھیکیدار کارڈ کے حصول کی خاطر پہنچا اور وہاں پر آر اینڈ بی محمکے میں تعینات کلرک غلام نبی وانی سے ملاقات کی اور ٹھیکیدار کارڈ کے بارے میں ان سے جانکاری مانگی۔