ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے مطابق ملک پورہ ترگام نامی علاقے میں بدھ کی شام ایک درندہ صفت شخص نے ایک تین سالہ معصوم بچی کو ایک مقامی اسکول کے بیت الخلاء میں لے کر اس معصوم بچی کو اپنی حوس کا شکار بنایا۔
لوگوں میں جب یہ خبر پھیل گئی تو وہاں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ای ٹی وی کو بتایا کہ ایسا واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں اس پورے ضلعے میں ایک کم سن بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ پیش آیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے تاکہ ایسے حیوان صفت واقعات کا خاتمہ ہوسکے۔ ادھر پولیس نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا ہے اور ایک ایف آئی آر زیر نمبر 81،زیر سیکشن آر پی سی 376درج کیا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی ہے۔متاثرہ بچی کے اہل خانہ نے ای ٹی وی کو بتایا کہ ان کی بچی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے وہ انسانیت سوز واقعہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملزم کو پھانسی کی سزا دی جائے تاکہ سماج میں ایسے واقعات کا تکرار نہ ہو پائے۔