امپھال: راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آج دوسرا دن ہے۔ راہل نے آج امپھال ویسٹ منی پور سے سفر شروع کیا ہے اور فی الحال وہ مغربی امپھال کے سیکمئی میں ہیں۔ جیسے ہی یاترا سیکمئی پہنچی مقامی لوگوں نے پرجوش انداز میں یاترا اور راہل گاندھی کا استقبال کیا۔ اس دوران فنکاروں نے منی پور کے روایتی ناچ گانے پیش کئے۔ اس موقع پر کانگریس کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نعرے لگاتے ہوئے دیکھی گئی۔
غور طلب ہو کہ 2024 کے انتخابات سے ٹھیک پہلے راہل گاندھی نے ایک بار پھر بھارت جوڑو نیائے یاترا کا اعلان کرکے پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ نیائے یاترا 20 مارچ تک جاری رہے گی، جو 15 ریاستوں میں تقریباً 6700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ یاترا کے آغاز کے دوران، راہل نے منی پور کو لے کر مرکزی حکومت پر شدید حملہ کیا تھا۔
راہل نے کہا کہ ملک ناانصافی کے دور سے گزر رہا ہے:
کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' کا آغاز کیا اور ملک کے لیے ایک ویژن رکھنے پر زور دیا۔ جو تشدد اور نفرت پر نہیں بلکہ ہم آہنگی اور بھائی چارے پر مبنی ہوگا۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' نکالی گئی ہے کیونکہ ملک بہت بڑی ناانصافی کے دور سے گزر رہا ہے۔
دورے کے آغاز کے موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ 'میں 29 جون کو منی پور آیا تھا اور اس دورے کے دوران میں نے جو کچھ دیکھا اور سنا، میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا اور نہ سنا تھا۔ میں 2004 سے سیاست میں ہوں، میں پہلی بار بھارت کی کسی ریاست میں گیا جہاں گورننس کا پورا ڈھانچہ منہدم ہو چکا تھا۔ جسے ہم منی پور کہتے تھے، 29 جون کے بعد وہ منی پور نہیں رہا۔ منی پور تقسیم ہوا، ہر کونے میں نفرت پھیل گئی، لاکھوں لوگوں کا نقصان ہوا۔ بھائی، بہن، ماں باپ ہماری آنکھوں کے سامنے مارے گئے۔
لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی:
یاترا کے آغاز کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بہوجن سماج پارٹی سے معطل رکن اسمبلی دانش علی بھی اس یاترا کا حصہ بنے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل نکالی جانے والی یہ یاترا 67 دنوں میں 15 ریاستوں اور 110 اضلاع سے گزرے گی۔
یہ بھی پڑھیں؛
واضح ہو کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس سے قبل 7 ستمبر 2022 سے 30 جنوری 2023 تک کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ نکالی تھی۔ ان کی 136 روزہ پد یاترا میں 12 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 76 لوک سبھا حلقوں سے گزرتے ہوئے 4,081 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا۔