شیوساگر: کانگریس رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' جمعرات کو ناگالینڈ سے شیواساگر ضلع کے ہلوتینگ کے راستے آسام میں داخل ہوئی۔ راہل گاندھی نے صبح سویرے ناگالینڈ کے ٹولی سے بس میں سفر دوبارہ شروع کیا اور تقریباً 9:45 بجے آسام پہنچے۔ شیو ساگر ضلع کے علاقے میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے راہل گاندھی کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں ریاست میں آٹھ روزہ سفر کے لیے قومی پرچم آسام کانگریس کے رہنماؤں کے سپرد کیا گیا۔
ناگالینڈ میں یاترا کے دوران راہل گاندھی نے عوام سے ملاقات کے دوران کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پچھلے نو سالوں میں ناگالینڈ کے سیاسی مسئلہ کو حل کرنے کی ذرہ برابر بھی کوشش نہیں کی اور نہ ہی ناگالینڈ کی عوام کی جانب مرکزی حکومت نے کوئی توجہ دی۔ اس دوران راہل گاندھی نے شمال مشرقی ریاستوں میں مختلف مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کا بھی مودی حکومت پر الزام عائد کیا۔