گوہاٹی: ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح 22 جنوری کو ہوگا۔ اس کو لے کر ملک بھر میں کافی چرچا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے لاتعداد عقیدت مندوں نے پہلے ہی ایودھیا جانے کے انتظامات کر لیے ہیں۔ دریں اثنا آسام حکومت نے رام مندر کے افتتاح کی تقریب کے حوالے سے فیصلہ لیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس اہم موقع پر آسام میں ڈرائی ڈے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کی شب میں منعقدہ ریاستی کابینہ میں لیے گئے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہیمنت نے ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "ہماری کابینہ نے 22 جنوری کو رام للا کے افتتاح کے موقع پر ڈرائی ڈے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دن ہم تمام کے لیے بہت اہم دن ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی 22 جنوری کو رام مندر میں رام للا کی مورتی نصب کریں گے۔ مندر کمیٹی نے کہا کہ مذکورہ تقریب کے لیے تمام برادریوں کے 4000 سادھوؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ دریں اثنا اتوار کی شب منعقدہ ریاستی کابینہ میں کیے گئے فیصلوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر جینت ملا بروہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "آسام میں 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے لیے اس دن کو ڈرائی ڈے قرار دیا گیا ہے۔"