گوہاٹی: ریاست آسام کے کئی حصوں میں ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے پیر کو سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے سبب کئی گاؤں، قصبے اور کھیت پانی میں ڈوب گئے۔ بھارت کے محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آسام کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں جمعرات تک ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گوہاٹی میں آئی ایم ڈی کے علاقائی موسمیاتی مرکز (آر ایم سی) نے اتوار اور پیر کو کوکراجھار، چرانگ، بکسا، بارپیتا اور بونگائیگاؤں کے اضلاع میں 24 گھنٹے کے دوران 7-11 سینٹی میٹر سے 24 گھنٹوں میں 20-11 سینٹی میٹر بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
اسی دوران دھوبری، کامروپ، کامروپ مہانگر، نلباری، دیما ہساو، کاچھر، گولپارہ اور کریم گنج اضلاع میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ آر ایم سی نے منگل کے لیے اورنج الرٹ اور اگلے دو دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ریڈ الرٹ کا مطلب ہے فوری کارروائی کریں جب کہ اورنج الرٹ کا مطلب ہے کارروائی کے لیے تیار رہیں اور یلو الرٹ کا مطلب ہے نظر رکھیں اور اپ ٹو ڈیٹ رہیں۔
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی روزانہ سیلاب کی رپورٹ کے مطابق کاچھر، درنگ، دھیماجی، ڈبرو گڑھ، گولاگھاٹ، ہوجائی، لکھیم پور، ناگون، نلباری، سونیت پور، تینسوکیا اور ادلگوری میں سیلاب سے 33,400 سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع لکھیم پور میں سیلاب سے سب سے زیادہ 25,200 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے بعد ڈبرو گڑھ میں 3,800 سے زیادہ لوگ اور تینسوکیا میں تقریباً 2,700 لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔