امراوتی: وزیر اعظم نریندر مودی آج آندھرا پردیش کا دورہ کریں گے جہاں وہ پالاسمدرم میں نیشنل اکیڈمی آف کسٹمز، بالواسطہ ٹیکس اور نارکوٹکس کے نئے کیمپس کا افتتاح کریں گے اور ایک سڑک کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ کیرالہ کے کوچی میں روڈ شو کریں گے۔
وزیر اعظم انڈین ریونیو سروس کے 74ویں اور 75ویں بیچ کے آفیسر ٹرینیز کے ساتھ ساتھ بھوٹان کی رائل سول سروس کے افسر ٹرینیز سے بھی بات چیت کریں گے۔ تقریباً 1:30 بجے وزیر اعظم ویربھدر مندر، لیپاکشی، آندھرا پردیش میں پوجا اور درشن کریں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم سری ستھیا سائی ضلع کے پالاسمدرم پہنچیں گے۔
آندھرا پردیش کے دورہ کے بعد وزیراعظم مودی آج شام 7:15 بجے کیرالہ کے کوچی میں روڈ شو بھی کریں گے۔ وزیر اعظم مودی 17 جنوری کی صبح کیرالہ کے گرووائر مندر میں پوجا اور درشن کریں گے۔
پی ایم او نے کہا کہ "وہ تقریباً 10:30 بجے تھریپریار شری رامسوامی مندر میں پوجا اور درشن بھی کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے سیکٹر سے متعلق اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔"
صرف دو ہفتوں کے عرصے میں وزیر اعظم کا کیرالہ کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے پہلے انہوں نے 3 جنوری کو تھریسور میں روڈ شو کیا تھا۔ وزیر اعظم جو لکشدیپ کے اگاتی سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے نیڈمبسری پہنچے تھے، ایک ہیلی کاپٹر لے کر تھریسور کے کٹنالور گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کیرالہ کے تھیکنکاڈو میں 'تھری شکتی مودی کوپم' پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی حکومت نے مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تین طلاق کے خلاف قانون لایا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایم مودی نے 10 برسوں میں ہندوستان کی ترقی پر لوگوں سے رائے طلب کی
دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی کے آج آندھرا پردیش کے دورے سے قبل سری ستھیا سائی ضلع میں سیکورٹی کے انتظامات کو بڑھا دیا گیا تھا۔ ضلع کے سکیورٹی فورسز نے ضلع کے کئی علاقوں کا معائنہ کیا اور سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔