ٹی ڈی پی کے سربراہ چندرابابو نائیڈو نے اپنے سیاسی مخالفین وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی اور تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کو مودی کے پالتو کتے قرار دیا۔
انہوں نے مچلی پٹنم علاقے میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا: 'نہایت ہی شرمناک ہے کہ جگن موہن ریڈی کتے کے بسکٹ کھا رہے ہیں۔ جگن موہن ریڈی اور کے سی آر یہ دونوں مودی کے کتے ہیں'۔
آندھراپردیش کے وزیراعلی نے بی جے پی اور کے سی آر پر جگن موہن ریڈی کی مالی امداد کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی ریاست میں جیت نہیں پائیں گے۔
انہوں نے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیوں روپے خرچ کر رہے ہیں؟ اپنے ریاست کے پیسے ہم پر کیوں خرچ کر رہے ہیں؟ اگر چہ آپ نے کروڑوں روپے خرچ کر دیے، لیکن آپ کو ایک ووٹ بھی نہیں ملے گا۔ ہمارے لوگ آپ سے کافی ناراض ہیں'۔
چندرابابو نائیڈو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے سیاسی حرارت شباب پر ہے اور آندھراپردیش میں 11 اپریل کو لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ ہونے والے ہیں، جبکہ رائے شماری 23 مئی کو کی جائے گی۔