جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں زندگی کا پہیہ تھم سا گیا ہے، وہیں اننت ناگ کے نوجوانوں نے اس کٹھن بھری زندگی میں اپنی صحت کو بہتر بنائے رکھنے کے لئے سائیکلنگ کو ترجیح دی ہے۔
وادی کے تمام ہیلتھ کلب، جِم خانے، اور دوسرے کئی مقامات جہاں نوجوان ورزش کیا کرتے تھے اُن پر تالا ہے۔ ایسے میں یہاں کے مقامی نوجوانوں نے اپنی صحت کو تروتازہ رکھنے کے لئے نہ صرف سائیکلنگ کا سہارا لیا بلکہ وادی کے قدرتی اور دلفریف نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا بھی انتخاب کیا۔
جس سے ان کی جسمانی نشونما پر کافی اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سائیکلنگ کی پہل اس غرض سے کی ہے تاکہ وادی کے نوجوان جو مختلف اقسام کی منشیات کے دل دل میں پھنسے ہوئے ہیں، وہ اُن بُرے کاموں سے باہر آئیں، اور اپنی زندگی کی نئے سرے شروعات کریں۔
نوجوانوں کے مطابق اگر چہ ابھی قلیل تعداد میں نوجوان سائیکلنگ کی جانب راغب ہو رہے ہیں، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی طرف سے نوجوانوں کو سائیکلنگ کی جانب مائل کرنے کے لئے جی توڑ کوششیں کریں گے۔