اننت ناگ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکار فیاض احمد، جو گزشتہ برس 12 جولائی کو سرینگر کے لال بازار علاقے میں عسکری حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے، قریب گیارہ ماہ زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئے۔ پولیس اہلکار کے اعزاز میں گلباری کی تقریب منعقد کی گئی بعد ازاں سرکاری اعزاز کے ساتھ انہیں آبائی علاقہ لوہرسنزی، کوکرناگ میں سپرد لحد کیا گیا۔
کوکرناگ میں منعقدہ گلباری کی تقریب میں ڈی آئی جی آئی آر پی کشمیر، کمانڈنٹ آئی آر پی 10 بٹالین، کمانڈنٹ آئی آر پی 13 بٹالین، کمانڈنٹ آئی آر پی 17 بٹالین، ڈپٹی کمانڈنٹ آف آئی آر پی 10 اور 13 بٹالین، ڈی وائی ایس ایس پی آئی آر پی 10 اور 11 بٹالین ایس ڈی پی او کوکرناگ ایس ایچ او کوکرناگ کے ساتھ ساتھ دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔ گلباری کی تقریب میں علاقے سے تعلق رکھنے والے مقامی باشندوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی اور میت پر پھول نچھاور کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔