ٹریفک نظام کو درست کرنے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اننت ناگ کے کھنہ بل اور جنگلات منڈی چوک میں قریب دو برس قبل ٹریفک سگنل لائٹس کو نصب کیا گیا تھا، تاہم دو برس گزر جانے کے بعد بھی انہیں فعال نہیں بنایا گیا ہے۔
کھنہ بل اور جنگلات منڈی چوک قصبہ اننت ناگ کے مصروف ترین چوراہے ہیں، جہاں شدید ٹریفک رش کے سبب اکثر و بیشتر جام لگا رہتا ہے۔ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی غرض سے لاکھوں کی لاگت کے بعد ان مقامات پر سگنل لائٹس نصب کی گئی تھیں جن کا دو برس قبل ضلع انتظامیہ کی جانب سے افتتاح کرنے کے بعد تجرباتی طور بحال بھی کیا گیا تھا، تاہم چند روز کے بعد ہی سگنل لائٹس غیر فعال ہو گئیں۔
حالانکہ سگنل بتیاں کھمبوں پر نظر آرہی ہیں، تاہم وہ صرف نام کی ہیں، کام کی نہیں۔ سگنل لائٹس کے غیر فعال ہونے کے سبب ٹریفک حکام کو مذکورہ مقامات پر عملہ تعینات کرنا پڑتا ہے، جو ٹریفک کی نقل حمل کو آسان بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔