اردو

urdu

By

Published : Oct 23, 2021, 2:34 PM IST

Updated : Oct 23, 2021, 7:53 PM IST

ETV Bharat / state

کشمیر: خراب موسم سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا

وادیٔ کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

کشمیر: خراب موسم سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا
کشمیر: خراب موسم سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا

محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادیٔ کشمیر میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پہاڑی علاقوں میں برفباری جب کہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کشمیر: خراب موسم سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا

ضلع شوپیاں کے میدانی علاقوں میں ہفتہ کی صبح ہلکی برفباری تاہم جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ وہیں صبح دس بجے کے قریب جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا تاہم کچھ دیر بعد ہی برفباری کا سلسلہ تھم گیا وہیں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔

مسلسل بارشوں کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے نشیبی علاقوں، گلی کوچوں میں پانی جمع ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ وہیں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہے جس کی وجہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھی مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے اور قصبہ پلوامہ کی متعدد سڑکیں، نشیبی علاقے حتی کہ محکمہ جل شکتی کا دفتر بھی زیر آب آگئے ہیں۔

خراب موسم کے سبب لوگوں کی نقل وحمل متاثر رہی، لوگوں نے گھروں میں بیٹھنے کو ہی ترجیح دی وہیں قصبہ پلوامہ میں لگاتار بارشوں کی اکثر دکانیں بند رہیں۔

ادھر شہرۂ آفاق پہلگام سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری اور بارشوں کی وجہ سے درجۂ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

برف و باراں سے سردی میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے گرم لباس زیب تن کرنا شروع کردیا ہے۔ وادی کے بالائی علاقوں میں لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہننا اور گرمی کے لئے روایتی ’کانگڑی‘ کا استعمال بھی شروع کیا ہے۔

Last Updated : Oct 23, 2021, 7:53 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details