کشمیر کی خوبصورت وادیوں کے حسن کے تذکرے کے ساتھ ساتھ یہاں کی ایمانداری، انسانیت نوازی اور بھائی چارے کی مثالیں بھی آئے دن خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں ریبٹ گرل کے نام سے مشہور روبینہ نے راجستھان سے آئے ایک سیاح کی سونے کی انگوٹھی اسے لوٹا کر ایمانداری اور انسانیت نوازی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔
تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالیت والی انگوٹھی پہلگام میں ایک سیاح سے گم ہوگئی تھی۔ اس کی اطلاع روبینہ کو ملی اور اس نے انگوٹھی تلاش کی اور پھر انگوٹھی اس کے مالک کو واپس لوٹا دی۔
راجستھان سے سیاحوں کا ایک گروپ پہلگام کی سیر و تفریح کے لیے آیا تھا۔ اسی بیچ بیسرن نام کی جگہ پر ان کی قیمتی انگوٹھی کھو گئی۔ سیاح انگوٹھی کھونے کے غم میں ڈوب جاتا ہے اور مایوس ہو کر اپنا تفریحی دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ لیکن روبینہ نے انگوٹھی کی تلاش شروع کر دی اور آخرکار اسے تلاش کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ روبینہ نے اس قیمتی انگوٹھی کو اس کے مالک کے حوالے کر دیا اور ان کی نا امیدی کو خوشی میں تبدیل کردیا۔
قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقام پہلگام میں ریبٹ گرل کے نام سے مشہور روبینہ کا خاندان مفلسی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ والد عبد المجید اعوان معذور ہیں اور ان کے کمسن بچے خرگوش پال کر گھر کا خرچ چلاتے ہیں۔ روبینہ پر ہی اپنے بھائی بہنوں کی کفالت کی ذمہ داری آن پڑی ہے۔ والدین سمیت آٹھ فرد کے لیے تین وقت کی روزی روٹی کا انتظام کرنا روبینہ کے لیے کتنا مشکل ہوگا، اسے سمجھا جا سکتا ہے۔