پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے شہری ترقی کے ممبران نے ’’پبلک آوٹ ریچ پروگرام‘‘ کے تحت منگل کو ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقے کا دورہ کیا۔
ممبران نے مختلف طبی مراکز سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مٹن میں قائم سوریہ مندر کا بھی دورہ کیا اور کشمیری پنڈتوں کے وفود سے ملاقات کی۔
پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین رام گوپال یادو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کی راہیں اس وقت ہموار ہو سکتی ہیں، جب یہاں کے لوگوں کا بھرپور ساتھ ملے گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے لئے انہوں نے پہلے ہی وزیر داخلہ امت شاہ سے بات کی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر میں فوراً سے پیشتر ریاستی درجہ بحال کرکے انتخابات منعقد کرائے جانے کی سفارش کی، کیونکہ انکے مطابق ’’جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرکے یہاں کے لوگوں کو اطمینان حاصل ہوگا۔‘‘