اننت ناگ ضلع انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے اشتراک سے نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب اور سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے ایک سائکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔
ضلع صدر مقام سے مشہور سیاحتی مرکز پہلگام تک منعقدہ اس ریس میں وادی کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے نوجوانوں نے شرکت کی۔
اننت ناگ کے ضلع صدر مقام سے شروع ہونے والی اس سائیکل ریس میں صبح سویرے شرکت کرنے والے نوجوانوں میں کافی جوش دکھائی دے رہا تھا۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس سائیکل ریس میں شرکاء کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے تھے۔
وادی کے شمال و جنوب سے سائیکل ریس میں حصہ لینے والے افراد نے قریب 35 کلو میٹر کا سفر سائیکل پر طے کیا، اس دوران خوبصورت اور دلفریب پہاڑوں کے دامن سے گزرتے ہوئے نوجوان ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش میں تھے، تاہم وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائکلسٹ اکبر خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن وحید احمد اور باسط احمد نے حاصل کی۔