فوج نے کہا ہے کہ کشمیری خاتون کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج خاتون کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔
فوج کا کہنا ہے کہ سپورٹس لوگوں کو جوڑنے کا سب سے بڑا موثر ذریعہ ہے اور جب خواتین کوئی کھیل کھیلتی ہیں تو وہ زیادہ خاص بن جاتا ہے۔
بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں فوج کی 19 آر آر کی طرف سے 'وومن کرکٹ لیگ' کا اہتمام کیا گیا جس میں 70 خواتین کرکٹ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس لیگ میں اننت ناگ، ڈورو اور کولگام کی چار خاتون کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی۔
سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا: 'سپورٹس ہی لوگوں کو بلا لحاظ مذہب و مسلک، ذات پات، رنگ ونسل و جنس، ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کا واحد ذریعہ ہے۔ جب خواتین کوئی کھیل کھیلتی ہیں تو وہ زیادہ ہی خاص بن جاتا ہے۔ کشمیری خواتین بے حد ہنرمند ہیں اور ان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ہے۔ بھارتی فوج اپنی خاتون کرکٹ کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے'۔