جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کا گُگناڈ نام کا علاقہ، اگرچہ قدرتی اعتبار سے کافی خوبصورت ہے، وہیں دوسری جانب مذکورہ علاقے میں قیام پذیر لوگ پانی جیسی بنیادی سہولیت سے محروم ہیں۔ اننت ناگ کے مین قصبے سے تقریباً 50 کلومیٹر کی دوری پر واقع گُگناڈ ایک ایسا پہاڑی علاقہ ہے، جہاں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے لوگ گذشتہ کئی دہائیوں سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قدرت نے مذکورہ علاقے کو پانی کے چشموں کی نعمت سے نوازا، تاہم علاقے میں موجود چشموں میں سال بھر پانی دستیاب نہیں ہوتا، جس کے باعث لوگ گندے نالے کا پانی پینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چشموں میں پانی اس قدر دھیمی رفتار سے نکلتا ہے کہ پہلے لوگ اُس پانی کو چشموں میں ہی کچھ دیر کے لیے جمع کر لیتے ہیں، جبکہ بعد میں علاقے کی خواتین پانی کو اس طرح سے آپس میں بانٹ لیتی ہیں جیسے مندر میں پرساد بانٹا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں مذکورہ چشمے سوکھ جاتے ہیں، جس کے سبب خواتین کو پانی حاصل کرنے میں کئی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگرچہ محکمہ جل شکتی نے سنہ 1998 میں ایک منصوبے کے تحت مذکورہ علاقے میں لاکھوں روپے صرف کر کے لوگوں کو سہولیت پہنچانے کی غرض سے ایک پروجیکٹ عمل میں لایا تھا، تاہم اُسی سال قدرتی آفات نے مذکورہ اسکیم کو تباہ کر دیا۔ تب سے لے کر آج کی تاریخ تک مقامی لوگ پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں، جبکہ مذکورہ اسکیم پر صرف کیے ہوئے لاکھوں روپے بھی ضائع ہوگئے۔