جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے دور دراز پہاڑی علاقوں کے زیر تعلیم بچوں کو مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مواصلاتی نظام میسر نہ ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات بھی ناپید ہیں۔ وبائی صورتحال میں جہاں حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ انہوں نے آن لائن کلاسز کا اہتمام عمل میں لایا ہے، وہیں دوسری جانب زمینی حقیقت کچھ اور ہی بیان کر رہی ہے۔کوکرناگ کا چری علاقہ اگرچہ قدرتی اعتبار سے کافی خوبصورت ہے، تاہم یہاں کے لوگ بنیادی سہولیت سے محروم ہے۔
وادی میں اگرچہ عالمی وباء کورونا وائرس کو پانچ مہینے کا عرصہ ہونے کو آیا۔ تاہم اس وبائی صورتحال میں یہاں کے طلاب کی پڑھائی کافی متاثر ہوئی بالخصوص ان بچوں کی جنہیں بڑی مشکل سے ایک وقت کا کھانا دستیاب ہوتا ہے۔ ایسے میں بچوں کے پاس سمارٹ فون خواب کی مانند ہے۔ اگرچہ علاقہ میں کچھ افراد کے پاس موبائل فون ہے تاہم علاقہ میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔
یہ بھی پڑٖھیں: سپریم کورٹ نے فور جی بحال نہ کرنے کی وجہ دریافت کی
چری کے طلبا کا کہنا ہے کہ ان کے یہاں مواصلاتی نظام میسر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں روز پیدل جاکر سات کلومیٹر کی دوری طے کر کے لارنوں علاقہ میں پڑھائی حاصل کرنے کے لئے جانا پڑتا ہے۔