جموں و کشمیر انتظامیہ لوگوں کو سڑک، بجلی اور پانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ تو کرتا ہے لیکن وادی کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہی علاقوں میں سے جنوبی ضلع اننت ناگ کے ماگرے پورہ گڈول کوکرناگ کا علاقہ بھی سرفرست ہے۔ مقامی لوگ رابطہ سڑک نہیں ہونے کی وجہ سے کئی برسوں سے پریشان ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 'ماگرے پورہ اور اس سے وابستہ کئی علاقوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر سے جوڑنے کے لیے سنہ 2016 میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کی جانب سے رابطہ سڑک بنانے کا کام عمل میں لایا گیا تھا۔ تاہم پانچ سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی مذکورہ علاقوں کی رابطہ سڑک کا کام ابھی تک نامکمل ہے جس کی وجہ سے گنجان آبادی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لوگوں کے مطابق پی ایم جی ایس وائی نے مذکورہ سڑک کا ڈی پی آر چھ کلومیٹر کا بنایا تھا۔ تاہم پی ایم جی ایس وائی نے محض پانچ کلومیٹر میں کام کیا جو ابھی بھی نامکمل ہے جبکہ علاقہ میں قیام پذیر لوگوں کو ابھی تک معاوضہ بھی واگذار نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 'جب بھی ان کے یہاں کوئی بیمار ہوتا ہے تو پختہ رابطہ سڑک نہ ہونے کے سبب انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔'
مقامی لوگوں کے مطابق درد ذہ میں مبتلا تین خواتین کو پختہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ گنوانا پڑا۔