ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے طارق نے کہا کہ ان کی قسمت کا ستارہ اس وقت چمک گیا جب سنہ 2018 میں انہوں نے محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحتی مقام پہلگام میں ونٹر فیسٹول کے سلسلہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لیا تھا، جہاں اُن کی ملاقات بالی وُوڈ کے معروف ہدایتکار امتیاز علی سے ہوئی۔
طارق نے ان کے ساتھ ایک سیلفی لی جو بعد میں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔ طارق کے تصور میں ہی نہیں تھا کہ ایک سیلفی سے ان کی تقدیر بدل سکتی ہے..
دراصل طارق کی شکل ہالی ووڈ چھوٹے پردے کے مشہور و معروف انگلش اداکار، پیٹر ڈکلیج، کے ساتھ ہو بہو ملتی جلتی ہے جس کی بنیاد پر انہیں معروف انگریزی سیریل، دی گیم آف تھرونس، میں کام کرنے کا آفر ملا۔ گیم آف تھرونس کے چند شاٹس عالمی شہرت یافتہ گلمرگ کی برفیلی پہاڑیوں میں فلمائے گئے جہاں طارق میر کو پیٹر ڈکلیج کے بدلے کردار ادا کرنے کا موقع فراہم ہوا۔ انگلش سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد طارق کو سُپر اسٹار سلمان خان کی سپر ہٹ فلم 'بھارت' میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی۔
آخر کار طارق ممبئی چلے گئے اور انہوں نے بھارت فلم کے سُولو موشن، نغمہ میں اپنا کردار ادا کیا۔ سلو موشن نغمہ کی شروعات طارق کے ویلکم ٹو دی گریٹ رشین سرکس، ڈائیلاگ سے کی گئی ہے، اس نغمہ میں طارق کو سلمان خان اپنی گود میں اٹھا رہے ہیں اور طارق سلمان خان اور فلم کی ہیروئین دشا پٹانی کے ساتھ ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔
سلمان خان کی سُپر ہٹ فلم میں کام کرنے کے بعد طارق کو آئی ٹی سی، کمپنی کی جانب سے ایک ایڈ (اشتہار) کی پیشکش کی گئی۔ بڑے پردے کے ساتھ ساتھ چھوٹے پردہ پر بھی اپنی جھلک دکھانے کے بعد طارق کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
حالانکہ طارق نے پہلے کئی دیگر کشمیری، مزاحیہ سیریلز میں کام کیا ہے۔ جس سے انہیں مقامی طور کافی شہرت بھی ملی۔ لیکن طارق کا کہنا ہے کہ چھوٹا قد ہونے کے سبب سماج میں ان کا مذاق اڑایا جا رہا تھا۔ تاہم بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے بعد لوگ ان کی مثال دے رہے ہیں۔