اننت ناگ:چاڈورہ میں سرکاری ملازم کی ہلاکت کے خلاف کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد نے بڈگام اور ویسو قاضی گنڈ سمیت کشمیر کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔ وہیں ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقہ میں بھی کشمیری پنڈتوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران کھنہ بل پہلگام روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل رہی۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکومت کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہر روز کسی نہ کسی بے گناہ کا قتل کیا جاتا ہے اور انتظامیہ اسے روکنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ اس موقع پر احتجاجیوں نے کہا کہ کشمیر میں ابھی بھی ہندو، مسلم سکھ اتحاد قائم ہے، کیونکہ کل سے ہی ہر فرقہ کے لوگ ہمارے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔