لاک ڈاون میں نرمی کے بعد وادی میں تمام سیاحتی مقامات کی طرح گزشتہ برس اکتوبر میں ویری ناگ گارڈن کو بھی سیاحتی سرگرمیوں کے لئے دوبارہ کھولے جانے کی اجازت دی گئی تھی مگر شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے سیاحوں کی حاضری ندارد تھی۔ تاہم مارچ کے مہینے میں موسم خوشگوار ہونے اور درجۂ حرارت میں اضافہ ہوتے ہی مقامی و غیر مقامی سیاحوں نے ویری ناگ کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔
دیگر سیاحتی مقامات کی طرح یہاں بھی سیاحوں کو کووڈ 19 گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے بعد ہی باغ کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
چشمہ اور باغ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے یہاں ہر برس کثیر تعداد میں ملکی، غیر ملکی و مقامی سیاح آتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے کشمیر کی سیر پر آتے رہے ہیں۔ تاہم ویری ناگ ان کی سب سے پسندیدہ جگہ ہے اس لئے وہ یہاں آنے کے بعد ویری ناگ کی سیر کرنا کبھی نہیں بھولتے۔