اننت ناگ (جموں کشمیر) :شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے جہاں حکومت کی جانب سے آئے روز بلند و بانگ دعوے ہو رہے ہیں وہی زمینی صورتحال اُن دعوں کے برعکس پائی جاتی ہے۔ صوبہ جموں کے کشتواڑ ضلع اور جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے درمیان برفیلی ہمالیائی پہاڑیوں کے دامن میں واقع سیاحتی مقام مرگن ٹاپ کو جانی والی رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے باعث نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ سیاحوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جنوبی کشمیر کا ضلع اننت ناگ قدرتی حسن و جمال، آبی ذخائر اور متعدد صحت افزا مقامات کے لئے کافی مشہور ہے۔ ان صحت افزا مقامات میں ضلع کے کئی سیاحتی مقامات ایسے ہیں جو تاحال سیاحتی نقشہ سے اوجھل ہیں، جس میں اننت ناگ کے سب سے بڑے سب ضلع کوکرناگ کے کئی علاقے بشمول سنتھن ٹاپ، مرگن ٹاپ، ماور ناگ ژوہر ناگ سر فہرست ہیں۔ گرچہ مرگن ٹاپ کے لئے سال 2021 کے اکتوبر ماہ سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا گیا تھا تاہم کچھ عرصہ گزر جانے کے بعد ہی سڑک خستہ حالی کی شکار ہوئی۔ جس کے باعث نہ صرف مڑواہ اور کوکرناگ کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا درپیش ہے بلکہ مرگن ٹاپ پر آنے والے سیاح بھی مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ سڑک کو دو سال قبل تعمیر کیا گیا تھا، بعد ازاں علاقے میں مقامی سیاحوں کا رش کافی حد تک بڑھ گیا، جس سے نہ صرف گاورن کے لوگ خوش دکھائی دے رہے تھے بلکہ سیاحت سے وابستہ افراد بھی پھولے نہیں سما رہے تھے۔ تاہم رواں سال سڑک کی خستہ حالی کے پیش نظر مقامی سیاح مرگن ٹاپ آنے سے گریز کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے کناروں پر تعمیر کی گئی دیواریں (برسٹ وال) سڑک کے بیچوں بیچ بکھری پڑی ہے جس سے سڑک کے اکثر مقامات پر گہرے گھڑے بن گئے ہیں جبکہ برفیلے ایام میں بھاری برفباری کے نتیجے میں سڑک کے مختلف مقامات پر چٹانیں کھسک جانے کے سبب سڑک پوری طرح سے خستہ حال ہو چکی ہے، نتیجتاً سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔