ضلع اننت ناگ کے متعدد علاقوں سے سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جس کی وجہ سے کئی دیہی علاقوں کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
جبکہ اننت ناگ کے اندرون علاقوں سے بھی سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ 'بارہا کنٹرول روم کے نمبرات پر کال کرنے کے باوجود بھی ان کے متعلقہ علاقوں کی سڑکوں کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔ مقامی لوگ گاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے خچروں اور گھوڑوں کو اشیائے خوردنی و دیگر چیزوں کی سپلائی کے لیے استعمال کررہے ہیں۔'
یہ عمل نہ صرف دیہی علاقوں بلکہ اننت ناگ جیسے شہری علاقوں و دیگر قصبہ جات میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے برف نہ ہٹائے جانے کی وجہ سے ٹریفک نظام متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اب خچر اور گھوڑا نقل و حمل کا واحد ذریعہ رہ گیا ہے۔ وہیں بھاری برفباری سے کافی تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔