ملک بھر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی کورونا وبا کا قہر جاری ہے، وہیں کورونا وائرس کے پیش نظر انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کے چلتے وادی کشمیر کے مختلف مقامات پر کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
وادی کشمیر کے مختلف مقامات پر کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری وہیں حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے مٹن علاقہ میں پولیس کی جانب سے ناکہ لگا کر آنے جانے والی گاڑیوں میں سوار لوگوں سے پوچھ گچھ کے بعد ہی آگے جانے دیا جا رہا ہے۔ جن لوگوں کے پاس کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں ہوتی ہے، ان لوگوں کی ٹیسٹنگ کرنے کے لیے محکمہ صحت کے ملازمین تعینات کیے گئے ہیں جو ان لوگوں کے نمونے لیتے ہیں۔
اس دوران محکمہ صحت سے وابستہ اہلکار نے کہا کہ ہم گزشتہ سال سے ہی کورونا وبا جیسی مہلک بیماری سے لڑنے کے لئے کمر بستہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہمیشہ یہی رہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ کی جائے، جس سے ہمیں پتہ چلے گا کہ اس وقت کورونا کے کتنے مثبت کیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کورونا مثبت کیسز میں کمی پائی جا رہی ہے جبکہ ہمارا مقصد بھی صرف یہی ہوتا ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی ملے۔ محکمہ صحت اس وقت نہ صرف شہری علاقوں میں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی متحرک ہے اور وہاں پر بھی محکمہ صحت اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے لئے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں، ایسے میں لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے دی گئی تمام گائیڈ لائنز کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔