اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے گڈول علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران گرینیڈ دھماکے میں فوجی اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج معالجہ کی غرض سے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر زخمی شدہ افراد کا آخری اطلاع ملنے تک علاج جاری تھا۔
زرائع سے موصول ہوا ہے کہ بھارتی فوج کو گزشتہ رات گڈول علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک مخصوص اطلاع ملی تھی، جس کے بعد فوج نے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیا ہے اور اس دوران گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی جا رہی تھی۔
مزید پڑھیں:اننت ناگ میں سی آر پی ایف پر گرینیڈ حملہ
بتایا جا رہا ہے کہ دھماکے کے بعد مذکورہ علاقے کو پوری طرح سے سیل کر دیا گیا ہے، علاقے کی طرف جانے والی تمام رابطہ سڑکوں کو کھار دار تاروں سے بند کر دیا گیا ہے، اس دوران آخری اطلاع ملنے تک علاقے میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: گرینیڈ حملے میں ہلاک رافعہ نظیر پرنم آنکھوں سے سپرد لحد
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں اس سے پہلے بھی کئی گرینیڈ دھماکے ہوئے ہیں جن میں عام شہریوں سمیت فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ عسکریت پسند ان گرینیڈ حملوں میں عموما سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔ تاہم فوج کے مطابق وادی کشمیر میں پہلے کے مقابلے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے گرینیڈ حملوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔