اردو

urdu

ETV Bharat / state

لارنو ڈی ڈی سی حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی

جموں وکشمیر میں جہاں پہلی بار ڈسٹرکٹ ڈیولپمینٹ کونسل کے انتخابات منعقد کرائے گئے، وہیں ضلع انتظامیہ نے لارنو بلاک کی ڈی ڈی سی سیٹ کے لئے پانچ فروری کو ووٹوں کی گنتی دوبارہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Counting Of Votes
ووٹوں کی دوبارہ گنتی

By

Published : Feb 4, 2021, 10:55 PM IST

ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر اننت ناگ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک حکم نامہ کے مطابق لارنو ڈی ڈی سی حلقہ کے لئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پانچ فروری کو کھنہ بل میں قائم ڈاک بنگلہ کے گراؤنڈ فلور میں صبح 11 بجے سے شروع ہوگی۔ ڈیپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، اے ڈی سی اننت ناگ کو اس حکم نامے کے مطابق گنتی کے پورے عمل کی نگرانی کے لئے نوڈل افسر مقرر کیا گیا ہے۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی

واضح رہے کہ لارنو کی ڈی ڈی سی نشست کے لئے 28 نومبر 2020 کو فیز ون کے تحت ووٹنگ ہوئی تھی، جس میں پیپلز کانفرنس آف گپکار الائنز کی چنندہ امیدوار خالدہ بی بی نے سات ووٹوں سے جیت درج کی تھی۔ وہیں، ان کی حریف آزاد امیدوار ساجدہ بیگم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے درخواست کی تھی کہ لارنو کی نشست کے لئے دوبارہ گنتی کی جائے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے لارنو کی نشست کے لئے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا اعلان کیا۔

ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے سابق ایم ایل اے اور اپنی پارٹی کے ضلع صدر عبدل رحیم راتھر کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو کوئی شک وشبہ ہے کہ کچھ غلط ہوا ہے تو یہ ایک اچھا قدم ہے کہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ عمل میں لائی جا رہی ہے، تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے آزاد امیدوار ساجدہ بیگم کے شوہر ہارون رشید نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن آف انڈیا اور گورنر انتظامیہ کے بڑے مشکور ہیں جنہوں نے ووٹوں کی گنتی دوبارہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ووٹوں کی گنتی ہوئی تھی، اس وقت ہم نےضلع انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ گنتی صحیح طریقے سے نہیں ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ سارا ماجرا کھڑا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوکرناگ: طبی سہولیات کا فقدان، عوام کو مشکلات کا سامنا

ادھر پی اے جی ڈی امیدوار کے شوہر چوہدری گلزار احمد کھٹانا نے کیمرا کے سامنے آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں تک ووٹوں کی گنتی کا تعلق ہے ہمیں اس بارے میں آج پتہ چلا ہے کہ لارنو کے لئے ووٹوں کی گنتی دوبارہ ہونے والی ہے۔

انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ان سب چیزوں سے انتظامیہ کی بےعزتی ہو رہی ہے جو برداشت سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو یا ڈھائی مہینے کے بعد آپ دوبارہ گنتی کرانے جا رہے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہونا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔ چوہدری گلزار نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہو رہا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details