لوگوں کے مطابق انہوں نے متعلقہ محکمے کے اعلیٰ عہدیداران سے کئی بار یہاں ویٹرنری سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا لیکن ہماری گزارش پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔
ویٹرنری سینٹر نہ ہونے سے مویشی پالنے والے پریشان - ہماری گزارشات پہ کوئی غور نہیں کیا
جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع بوچھن شانگس میں ویٹرنری سینٹر کے نہ ہونے سے لوگوں کے لیے مویشی پالنا محال ہو گیا ہے۔ اگرچہ اس علاقے کے لوگ مویشی پالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن جب کبھی بھی ان کے مویشی بیمار ہوتے ہیں یا دیگر ویکسین کرانے کی ضرورت ہوتی ہے تو ان کو مویشی کو کئی کلومیٹر دور لے جانا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمارے مویشیوں کے بیمار ہونے کے بعد صحیح وقت پر علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کے مرنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ باقی مویشیوں کے بیمار ہونے کا خطرہ بھی رہتا ہے۔
مال مویشیوں کی بیماریاں عام طور پر نہ صرف جانوروں کی صحت کو متاثر کرتی ہیں بلکہ یہ ان کی پیداواری صلاحیت پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ اس ضمن میں جب ہم نے چیف اینیمل ہزبنڈری آفیسر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'اس مسئلے کو لے کر ہم نے پہلے ہی حکومت کو مطلع کیا ہے لیکن وہاں سینٹر قائم کرنے کے لئے سہولت نہیں ہے لیکن لوگوں کی ان مشکلات کے لیے ہم وہاں پر وقفہ وقفہ سے اپنی ٹیم بھیجا کریں گے اور گھر گھر ویکسینیشن اور دوسری ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔'