اننت ناگ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں معروف بزرگ اور ولی کامل حضرت بابا حیدر ریشی رحمۃ اللہ علیہ المعروف (ریشہ مول صاحب) کا کا 458 ویں عرس مبارک پر وادی کشمیر کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے ولی کامل کی زیارتگاہ پر حاضری دی۔ بابا حیدر ریشی کا عرس پانچ روز تک جاری رہتا ہے۔ جہاں اس موقع پر عقیدت مند صوفی بزرگ کی زیارتگاہ پر مختلف اجتماعی تقاریب میں شرکت کرتے ہیں وہیں اس موقع پر روایتی طور عقیدت مند ان پانچ ایام کے دوران گوشت، مرگ اور مچھلی وغیرہ کے استعمال سے مکمل پرہیز کرتے ہیں۔
عرس کے دوران ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند، بلا امتیاز مذہب و ملت، اطراف و اکناف سے درگاہ پر حاضری دیگر ولی کامل کے تئیں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ بلند پایہ صوفی بزرگ اور ریشیت کے اہم ستون مانے جانے والے حضرت بابا حیدر ریشی کا شمار وادی کشمیر کے بلند پایہ صوفیوں میں ہوتا ہے۔ آپ کی پاکیزہ زندگی زمانہ طفولیت سے ہی معروف تھی تاہم تصوف و روحانیت کے منازل آپ نے اس قدر طے کیے کہ محبوب العالم حضرت شیخ ہمزہ مخدومؒ بذات خود شرف ملاقات بخشنے کے لیے اننت ناگ وارد ہوئے اور آپ کو مزید روحانی اور سلوکی منازل طے کرائے۔