حلقہ انتخاب کوکرناگ کے اِچُھو علاقہ میں اتوار کو محمد اکبر چاڈ کی بیٹی کی شادی ہونی تھی، تاہم مذکورہ شخص کے گھر میں دو دن قبل 4 اور 5 تاریخ کی درمیانی رات میں اچانک آگ لگ گئی، جس کی وجہ سے گھر میں موجود لاکھوں روپیوں کا سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
تاہم فوج کی انیس آر آر کی دلیر کمپنی نے اپنی دلیری کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے غمزدہ عیال کی کفالت کرنے اور ان کی مدد کرنے کے لئے فوری طور اقدامات اٹھائے۔
فوج کی جانب سے کنمبے کو کھانے پینے کی اشیاء اور بیٹی کی شادی کے لئے پچاس ہزار روپئے واگذار کئے ہیں۔
افراد خانہ کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ پلک جھپکتے ہی گھر میں موجود لاکھوں روپئے کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔ اگرچہ پڑوسیوں اور فوج نے گھر میں لگی آگ پر قابو پانے کی جی توڑ کوششیں کی تھی، اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا، تاہم مقامی لوگ اور فوج گھر میں موجود اشیاء اور قیمتی سامان کو بچانے میں ناکام ثابت ہوئے۔