سنہ 2004 میں، اربن لوکل باڈیز نے اننت ناگ Anantnag Urban Local Bodies قصبہ میں ایس آر ٹی سی، شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا تھا۔ تاہم 17 برس گزرنے کے باوجود ابھی تک یہ منصوبہ نامکمل ہے۔
ذرائع کے مطابق سنہ 2009 میں اس منصوبے پر نا معلوم وجوہات کی بنا پر فنڈز روک دیے گئے تھے جس کی وجہ سے کام طویل عرصے تک رکا رہا۔
سنہ 2015 میں مذکورہ منصوبہ پر کام دوبارہ شروع کیا گیا، جب پروجیکٹ کی لاگت 8.65 کروڑ روپے سے بڑھا کر 19.28 کروڑ روپے کر دی گئی۔ تاہم گزشتہ تقریباً دو برسوں سے شاپنگ کمپلیکس کا کام پھر سے بند ہے اور اس منصوبے کو مکمل کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
گزشتہ کئی برسوں سے زیر تعمیر شاپنگ کمپلیکس کو یونہی چھوڑ دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے اسے منشیات کے عادی لوگوں اور قماربازوں نے اپنا مرکز بنا لیا ہے۔
مذکورہ شاپنگ کمپلیکس Anantnag shopping complex کے متصل اسپورٹس اسٹیڈیم موجود ہے۔ ایک طرف نوجوان مختلف کھیل کود کی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں تو دوسری جانب شاپنگ کمپلیکس میں منشیات اور جوے کا کھلے عام استعمال ہو رہا ہے۔ تو یقینی طور پر اس کے برے اثرات کھلاڑیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
مقامی لوگوں اور تاجروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاپنگ کمپلیکس کی زیر تعمیر عمارت تجارتی مرکز کے بجائے منشیات کا مرکز بن گیا ہے۔