ضلع اننت ناگ کے لارنو، کوکرناگ علاقے میں محکمہ تعمیرات عامہ نے فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات کے لیے بلڈنگ کی تعمیر کا کام گزشتہ برس مکمل کر لیا جسے دفتری کام کاج کے لئے بہ آسانی استعمال میں لایا جا سکتا ہے، لیکن محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عمارت کو اپنی تحویل میں نہیں لے رہا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے مقررہ وقت میں ہی بلڈنگ کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا تاہم ’’محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی بلڈنگ کو تحویل میں لینے، یہاں عملہ تعینات کرکے اسے فعال بنانے میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔‘‘
مقامی باشندوں نے بتایا کہ لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے اگرچہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے لیے بلڈنگ تعمیر کی گئی تاہم لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی اس کا فائدہ عوام کو حاصل نہیں ہو پا رہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ لارنو بلاک تقریباً 25 حلقوں پر مشتمل ہے، جہاں آج تک کئی ناگہانی حادثات رونما ہوئے ہیں اور لاکھوں کی املاک خاکستر ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی لارنو علاقے میں آگ کی واردات رونما ہوتی ہے تو کوکرناگ یا اننت ناگ سے فائر بریگیڈ آنے سے قبل ہی آگ کے سبب ڈھانچے خاکستر ہو جاتے ہیں۔