ضلع اننت ناگ کے گاورن، کوکرناگ میں بجلی ٹرانسفارمر، ترسیلی لائنوں اور بجلی کھمبوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے مقامی لوگ بے حد پریشان ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ میں بجلی کھمبوں اور ترسیلی لائنوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے قریب 400 کمبوں پر مشتمل گاورن کے لوگ ’چلہ کلاں‘ کی سخت ترین سردیوں میں بجلی کی بحرانی صورتحال سے بے حد پریشان ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ محکمہ بجلی نے علاقے میں 63 کلوواٹ ٹرانسفارمر نصب کیا ہے جو انکے مطابق مقامی آبادی کے لیے ناکافی ہے اور اکثر و بیشتر خراب ہو جاتا ہے جس کے سبب پورا علاقہ کئی ہفتوں تک گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے مقامی آبادی نے کئی بار احتجاج بھی کیا اور متعلقہ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کو تحریری طور پر انکے بجلی کنکشن منقطع کرنے یا بجلی نظام میں بہتری لانے کی درخواست بھی کی تھی ’’تاہم آج تک محکمہ نے نہ تو بجلی میں بہتری لائی اور نہ ہی اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے۔‘‘