جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں تحصیل صدر مقام سے چند کلو میٹر کی دوری پر واقع خوشروئے کلاں نام کے علاقے میں لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اننت ناگ: مرحلہ وار پانی سپلائی کیے جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا علاقے میں عموما صبح و شام مرحلہ وار پانی سپلائی کیا جاتا ہے جس سے مقامی باشندوں کے مطابق کثیر آبادی کی روز مرہ کی ضرورتیں پوری نہیں ہو پاتیں۔
مقامی باشندوں کے مطابق انہیں ایک مقامی چشمے سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جس کا پانی آلودہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے مرحلہ وار اسی وقت پانی سپلائی کیا جاتا ہے جب علاقے میں بجلی ہو، بجلی غائب ہونے کی صورت میں محکمہ جل شکتی بھی پانی سپلائی کرنے سے قاصر رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سفر طے کرکے ایک چشمہ سے پانی لانا پڑتا ہے جس کے لئے انہیں کافی تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چشمے کا پانی بھی دیواربندی نہ کیے جانے کے باعث آلودہ ہو چکا ہے جس کے سبب مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: کپوارہ: رکھ شہلال میں ڈرینج سسٹم ناکام، پانی گھروں میں داخل
محکمہ جل شکتی کے افسران کے مطابق آبادی کے تناسب سے پینے کا پانی سپلائی کیا جاتا ہے تاہم بعض اوقات بجلی کی کٹوتی کے باعث وقت پر پانی سپلائی نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں قائم واٹر اسکیم مقامی لوگوں کے لیے بالکل کافی ہے تاہم انہوں نے لوگوں کی جانب سے پانی کے زیاں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے صحنوں کو سیراب کرنے، فٹ پاتھ دھونے، گاڑیاں صاف کرنے کے لیے پانی استعمال میں لایا جاتا ہے جبکہ یہ پانی خالص پینے کے لیے سپلائی کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق لوگوں کی جانب سے پانی کے غلط استعمال کے سبب بھی پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا جاتی ہے۔