اننت ناگ:جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے اُرن ہال، بجبہاڑہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) 90 بٹالین کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں متعلقہ بٹالین کے سی او سمیت دیگر افسران اور مقامی کھیل شائقین نے شرکت کی۔ والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ہرناگ، اننت ناگ اور ہائر سیکنڈری اسکول آرونی کے مابین کھیلا گیا۔ فائنل مقابلہ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم ہائر سیکنڈری اسکول آرونی کی ٹیم نے فائنل مقابلہ میں کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کر لی۔ منتظمین کے مطابق والی بال ٹورنامنٹ میں ضلع کے مختلف علاقوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔
فائنل میچ کے اختتام پر ایک مختلف تقریب منعقد کی گئی جس میں فاتح ٹیم سمیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ سی آر پی ایف حکام نے بتایا کہ حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے نہ صرف علاقوں، سرحدوں، قومی اثاثوں، عوام اور ملکی سالمیت کی حفاظت کی جا رہی ہے بلکہ سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے عوام الناس خاص کر نوجوانوں کے لیے فلاحی اسکیموں، آگاہی پروگرامز کے علاوہ اسپورٹس سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔